عظمیٰ ویب ڈیسک
کٹھوعہ// جموں و کشمیر کے کٹھوعہ ضلع کے ہیرا نگر-گھگوال علاقے میں منگل کو ایک پل کے قریب ایک مشتبہ دیسی ساختہ دھماکہ خیز ڈیوائس (آئی ای ڈی) ملنے کے بعد ناکارہ بنا دیا گیا ہے تاہم سرحدی گاوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ کٹھوعہ ضلع کی ہیرا نگر تحصیل کے شیر پور گاوں میں پل کے قریب ایک مشتبہ آئی ای ڈی برآمد ہوئی، جس کے بعد پولیس کو اس کی اطلاع دی گئی۔
اُنہوں نے بتایا، ”اطلاع ملنے کے فوراً بعد ہیرا نگر اور گھگوال پولیس تھانوں کی پولیس ٹیم موقع پر پہنچی اور صورتحال کا مکمل جائزہ لیا“۔ ان کا کہنا تھا کہ بم ڈسپوزل سکواڈ کو فوری طور پر طلب کر کے مشتبہ دھماکہ خیز مواد کو ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے علاقے میں دھماکہ خیز مواد کا پتہ لگا کر ناکارہ بنا دیا ہے اور ایک بڑا سانحہ ٹال دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس اور سیکورٹی فورسز علاقے میں موجود ہیں۔
اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔