عاصف بٹ
کشتواڑ// ضلع کشتواڑ میں نابالغ مسلم لڑکی کو اغوا کرنے کے معاملے میں پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کر کے سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ ضلع کشتواڑ کی سب ڈویژن چھاترو کے پارنہ علاقے سے ایک نابالغ لڑکی کو مقامی شخص نے اغوا کرلیا، جس کے بعد اُس کے اہلِ خانہ نے معاملے کی پولیس کو اطلاع دی اور شکایت درج کرائی۔ اُنہوں نے بتایا کہ پولیس نے فوری کاروائی کرتے ہوئے اغوا کار کو گرفتار کر لیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ نابالغ لڑکی مسلم سماج سے تعلق رکھتی ہے جس کی عمر اٹھارہ سال سے کم ہے، جبکہ اغوا کار دیپک ہندو مذہب سے تعلق رکھتاہے اور فوج کے ساتھ بطور پورٹر کام کرتاہے۔
ایس ایچ او پولیس تھانہ چھاترو وکرم سنگھ نے اغوا کے معاملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس سلسلے میں پولیس تھانہ چھاترو میں ایک مقدمہ ایف آئی آر زیرنمبر 06/2024 زیرِ دفعہ 457/363 آئی پی سی درج کرکے اغوا کار کو گرفتار کرلیاگیا ہے اور معاملے کی مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
اُنہوں نے بتایا کہ لڑکی کو جوینایل جسٹس بورڈ کی عدالت میں پیش کیا گیا ہے اور معاملے کی مزید چھان بین جاری ہے۔