عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/یومِ آزادی کے پیش نظر جموں و کشمیر میں سیکیورٹی کو غیر معمولی حد تک سخت کر دیا گیا ہے۔ سیکورٹی حکام کے مطابق، جموںسرینگر قومی شاہراہ پر جدید ترین ’وال ریڈار‘ اور تھرمل اسکریننگ آلات نصب کر دیے گئے ہیں، جن کے ذریعے گاڑیوں اور مسافروں کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ ان جدید ٹیکنالوجیز کا مقصد کسی بھی مشکوک سرگرمی یا خطرے کو بروقت شناخت کر کے کارروائی کو یقینی بنانا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ وادی کے داخلی و خارجی راستوں کے علاوہ اہم شاہراہوں، پلوں اور بس اسٹینڈز پر بھی سخت ناکے قائم کر دیے گئے ہیں۔ جگہ جگہ فورسز اہلکار جامہ تلاشی لے رہے ہیں، دو پہیہ گاڑیوں کی خصوصی طور پر باریک بینی سے جانچ کی جا رہی ہے اور شناختی کارڈ کی تصدیق کے بعد ہی آگے جانے کی اجازت دی جا رہی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق، کئی مقامات پر فورسز نے راہگیروں کو بھی چیکنگ کے عمل سے گزارا، جبکہ مشکوک سامان کی فوری تلاشی لی جا رہی ہے۔ ایک سینئر پولیس افسر نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ ہم کسی بھی خطرے کو معمولی نہیں سمجھ رہے، فورسز دن رات الرٹ ہیں اور نگرانی کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔
حساس علاقوں میں سی سی ٹی وی نگرانی کے ساتھ ساتھ ڈرونز بھی فضائی نگرانی پر مامور ہیں۔ تھرمل امیجنگ آلات سے رات کے اوقات میں بھی مشکوک نقل و حرکت کو پہچاننے کا کام کیا جا رہا ہے، تاکہ دشمن کی کسی بھی ناپاک کوشش کو شروع میں ہی ناکام بنایا جا سکے۔
سیکورٹی ایجنسیوں کے مطابق، ماضی میں یومِ آزادی کے موقع پر دشمن عناصر کی طرف سے تخریبی سرگرمیوں کی کوششیں کی جاتی رہی ہیں، اسی لیے اس سال ایک کثیر سطحی حفاظتی منصوبہ اپنایا گیا ہے، جس میں بری، فضائی اور ٹیکنالوجی پر مبنی نگرانی شامل ہے۔
یومِ آزادی سے قبل جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ’وال ریڈار‘ اور تھرمل اسکریننگ سے نگرانی مزید سخت
