عظمیٰ ویب ڈیسک
ممبئی/جموں و کشمیر بی جے پی کے جنرل سیکریٹری اور ریاستی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف سنل شرما نے ممبئی کے باندرہ میں ’ڈیپ کمل فاؤنڈیشن‘ کی جانب سے منعقدہ ’یومِ بلیدان‘ کے پروگرام میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ یہ تقریب ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے منعقد کی گئی تھی، جس کا اہتمام اس تاریخی مقام پر کیا گیا جہاں بھارتیہ جنتا پارٹی کا پہلا اجلاس ہوا تھا۔
سنل شرما نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا، ’’یہ میرے لیے باعثِ فخر و اعزاز ہے کہ میں اس مقدس مقام پر عظیم محب وطن، مفکر ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی کو خراجِ عقیدت پیش کرنے آیا ہوں۔ ان کی زندگی حب الوطنی، اصول پسندی اور عظیم قربانی کی لازوال مثال ہے، جو ہر سچے محب وطن کو اپنے قومی فرائض کی ادائیگی کے لیے رہنمائی فراہم کرتی ہے۔‘‘
انہوں نے ’ڈیپ کمل فاؤنڈیشن‘ کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اس تقریب میں شرکت کی دعوت دی اور ڈاکٹر مکھرجی کی قومی وحدت و سالمیت کے لیے دی گئی بے مثال خدمات کو یاد کرنے کا موقع فراہم کیا۔ شرما نے کہا کہ ڈاکٹر مکھرجی کے نظریات آج بھی ملک کے نوجوانوں اور قیادت کے لیے مشعلِ راہ ہیں، خصوصاً جموں و کشمیر میں۔
اس موقع پر سنل شرما نے شہید مرلی نائیک کی والدہ ویر ماتا جیوِتی بھائی نائیک کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا، جنہوں نے ’آپریشن سندور‘ کے دوران ملک کے لیے اپنی جان قربان کی۔ انہوں نے کہا، ’’ان کے قدم چھونے کا لمحہ میرے لیے جذباتی اور فخر کا تھا۔ قوم ایسی عظیم ماں اور خاندانوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔‘‘
پروگرام میں مہاراشٹر کے وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی آشیش شیلار بھی شریک ہوئے۔ انہوں نے ڈاکٹر مکھرجی کی وراثت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا، ’’ڈاکٹر مکھرجی نے قومی اتحاد اور نظریاتی وضاحت کی بنیاد رکھی۔ آرٹیکل 370 کے خلاف ان کی جدوجہد جرأت مندانہ مزاحمت کا ایک سنہرا باب ہے، جو آج بھی نسلوں کو تحریک دیتا ہے۔‘‘
پروگرام نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ اختتام پذیر ہوا، جس میں بی جے پی رہنماؤں نے ڈاکٹر مکھرجی کی وراثت کو برقرار رکھنے اور قومی وحدت و خودمختاری کے لیے دی گئی قربانیوں کو یاد رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
سنیل شرما کا ممبئی میں ’یومِ بلیدان‘ کے پروگرام میں ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی کو پرخلوص خراجِ عقیدت پیش
