پونچھ/ضلع اِنتظامیہ پونچھ نے آج کہا کہ تمام بنیادی سہولیات بشمول صحت خدمات اور اشیائے ضروریہ کی فراہمی بخوبی جاری ہیں اور لوگوں کی ضروریات کو مؤثر طریقے سے پور ا کیا جارہا ہے۔
ضلعی اِنتظامیہ کے حکام نے کہا،’’ ضلع بھر کے ہسپتال مکمل طور پر فعال ہیں اور ضروری اَدویات اور کا وافر ذخیرہ موجود ہے۔ ایمبولینس سروسز بھی بروقت طبی اِمداد کے لئے دستیاب ہیں۔ بینکنگ سہولیات بحال ہیں اور تمام اے ٹی ایمز میں عوامی ضروریات کے مطابق نقدی موجود ہے۔‘‘
حکام نے اَشیائے ضروریہ کے سٹاک اور سپلائی پوزیشن کے بارے میں کہا کہ ضلع میں تمام اہم اشیاء بشمول غذائی اجناس، پیٹرول، ڈیزل اور رسوئی گیس وافر مقدار میں دستیاب ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا ،’’ فراہمی کا نظام مستحکم ہے اور کسی بھی علاقے سے قلت کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔‘‘
مزیدبتایا گیا کہ محکمہ بجلی و پانی کی فراہمی کے محکموں نے اہم سپلائی لائنیں بحال کر دی ہیں۔ شراکت دار اَفسران نے بتایا کہ پہلے سے متاثرہ علاقوں میں خدمات کی فوری بحالی کے ساتھ باقاعدگی سے بجلی اور پینے کا صاف پانی فراہم کیا جارہا ہے۔
ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ وِکاس کنڈل نے عوام کو یقین دِلایا ہے کہ اِنتظامیہ عوامی فلاح و بہبود کے لئے پُرعزم ہے اور تمام محکمے قریبی تال میل کے ساتھ کام کر رہے ہیں تاکہ بلا تعطل مدد اور سہولیت فراہم کی جا سکے۔
دریں اثنا، ریونیو حکام نے سرحد پار گولہ باری سے متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا تخمینہ لگانا شروع کر دیا ہے۔ حکام نے یقین دِلایا کہ ان تخمینوں کی بنیاد پر متاثرہ کنبوں کو مناسب اِمدادی اَقدامات فراہم کئے جائیں گے۔‘‘
ضلعی اِنتظامیہ نے تمام شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پُر اَمن اور پُر سکون رہیں، سرکاری ایڈ وائزری پر عمل کریں اور ہیلپ لائن نمبروں ضلع ایمرجنسی سیل ( ڈِی اِی او سی)پونچھ 01965-220888 اور جوائنٹ کنٹرول روم ( پی سی آر)9086253188 / 01965-220258 پر کسی بھی مدد کے لئے رابطہ کریں۔
ضلع پونچھ میں اشیائے ضروریہ کا وافر ذخیرہ دستیاب | مناسب اَدویات کی دستیابی کے ساتھ ہسپتال مکمل طور پر فعال
