بانہال- کھڑی ریلوے سیکشن میں ’آزمائشی رن‘ کامیاب

محمد تسکین

بانہال// اودھم پور سرینگر بارہمولہ ریل پروجیکٹ پر شمالی ریلوے نے اس وقت ایک اور سنگ میل عبور کیا ہے جب پہلی بار بانہال ریلوے سٹیشن سے ریلوے سٹیشن کھڑی تک پہلی برقی ریل کی آزمائش کی گئی۔
پانچ بوگیوں پر مشتمل یہ آزمائشی ریل گاڑی منگل کے روز قریب چار بجے بانہال سے روانہ کی گئی۔
بانہال اور کھڑی کا سیکٹر سولہ کلومیٹر کی مسافت پر واقع ہے اور یہ آخری مرحلے سے گزر رہے کشمیر ریل پروجیکٹ پر 111 کلومیٹر طویل کٹرہ- بانہال سیکشن کا حصہ ہے۔
ریلوے ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اس ٹرائل رن میں صرف ریلوے کے الیکٹرک انجینئروں ، ریلوے کے عملے کے چند ارکان اور سیکورٹی اہلکاروں کو ہی جانے کی اجازت تھی۔
ریلوے حکام کو امید ہے کہ رواں ماہ کے آخر تک بانہال اور کھڑی کے درمیان ریل سروس کو شروع کیا جاسکتا ہے۔