غلام نبی ضیا
لہیہ/لداخ حج کمیٹی نے حج 2025 کے لیے لداخ کے 240 عازمینِ حج کو کامیابی سے بذریعہ ہوائی راستے مدینہ منورہ روانہ کیا۔ یہ روانگی اسپائس جیٹ کی دو پروازوں SG 5211 اور SG 5233 کے ذریعے سری نگر سے دہلی اور وہاں سے مدینہ منورہ کے لیے عمل میں آئی۔ پہلے سے طے شدہ پرواز SG 5109، جو 9 مئی 2025 کو روانہ ہونا تھی، سری نگر ایمبارکیشن پوائنٹ کی موجودہ صورتحال کے باعث منسوخ کر دی گئی تھی۔ آج تمام عازمین بخیریت مدینہ منورہ، مملکتِ سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔
سری نگر ایمبارکیشن پوائنٹ پر واقع حج ہاؤس میں رخصتی کے موقع پر جذباتی مناظر دیکھنے کو ملے۔ کرگل اور لہہ اضلاع سے تعلق رکھنے والے عازمین نے دعاؤں اور نم دیدہ آنکھوں کیساتھ اپنے مقدس سفر کا آغاز کیا۔
عازمین کو رخصت کرنے کے لیے موجود شخصیات میں محمد علی مجاز، چیئرمین حج کمیٹی یو ٹی لداخ؛ حاجی نذیر احمد اور مرزا حسین، ممبران حج کمیٹی یو ٹی لداخ؛ ڈاکٹر شجاعت احمد، ایگزیکٹو آفیسر، جے کے حج کمیٹی؛ حاجی علی، حج آفیسر، حج کمیٹی یو ٹی لداخ؛ اور معاون عملہ شامل تھا۔
چیئرمین نے اس موقع پر حکومتِ ہند کے وزیر برائے پارلیمانی امور و اقلیتی امور (حج ڈویژن)، جناب کرن رجیجو؛ لیفٹیننٹ گورنر یو ٹی لداخ، بریگیڈیئر (ڈاکٹر) بی ڈی مشراکے علاوہ دیگر تمام اعلیٰ افسران اور ذمہ داران کا خصوصی شکریہ ادا کیا جن کی بروقت مداخلت اور تعاون سے اضافی پروازوں کا بندوبست ممکن ہو سکا۔
خصوصی شکریہ ایئرپورٹ اتھارٹی آف انڈیا، سری نگر؛ نیشنل سیکیورٹی فورس، جموں کشمیرپولیس، جموں کشمیر ہوم گارڈ؛ جموں کشمیراور لداخ یو ٹی کے محکمہ صحت؛ اسپائس جیٹ ایئرلائن؛ جموں کشمیرایس آر ٹی سی عملہ؛ اور جموں کشمیر حج کمیٹی، سری نگر کے عملے کا بھی ادا کیا گیا جنہوں نے اس عمل میں بھرپور لاجسٹک سپورٹ فراہم کی۔
لداخ کے حج عازمین نے چیئرمین اور تمام متعلقہ حکام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا جنہوں نے بروقت اور مؤثر اقدام کے ذریعے ان کے سفر کو ممکن بنایا۔
دوپروازوں کے ذریعے لداخ کے 240عازمین حج کی روانگی
