بے دخلی مہم کے نام پر لوگوں میں خوف پیدا کرنا بند کریں: تاریگامی

جموں// سی پی آئی (ایم) کے رہنما محمد یوسف تاریگامی نے آج کہا کہ جاری نام نہاد انسداد تجاوزات مہم اور بے دخلی مہم نے زمینی سطح پر عام لوگوں میں خوف پیدا کیا ہے۔
جموں میں جاری ایک بیان میں، سی پی آئی (ایم) لیڈر نے کہا کہ جہاں طاقتور قابضین کی نشاندہی کی جانی چاہیے تھی اور قانون کے تحت سختی سے کارروائی کی جانی چاہیے، وہیں مبینہ طور پر غریب عوام اور کسانوں کو بے دخل کرنے کیلئے غلط طریقہ کار استعمال کیا جارہا ہے۔ کسانوں کے ڈھانچوں، چھوٹے دکانداروں اور برسوں پہلے تعمیر کیے گئے چھوٹے گھروں کو مسمار کیا جا رہا ہے وہیں لوگ عوامی مفادات کے متعلق انتظامیہ کی بے حسی ، لاپرواہی اور زبردستی کے طرز عمل کے خلاف ناراضگی کا اظہار کررہے ہیں۔
تاریگامی نے کہا، ”اگر بے دخلی کی موجودہ مہم اسی طرح جاری رہی تو یہ مزید ناراضگی پیدا کرے گی“۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ ‘مہم’ سے یہ تاثر ملتا ہے جیسے انتظامیہ نے عوام کے خلاف ‘جنگ’ چھیڑ دی ہے۔
بلڈوزنگ کے لیے علاقوں اور افراد کا انتخاب انتظامیہ کے حقیقی ارادوں کے بارے میں شکوک و شبہات کو جنم دیتا ہے۔ بے دخلی مہم منتخب اور امتیازی ہے۔