عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی (جے کے پی سی سی) کے صدر طارق حمید قرہ نے ہفتہ کو جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت کی بحالی کے مطالبے کو دہراتے ہوئے کہا کہ یہ نہ صرف خطے بلکہ پورے ملک کے لیے بھی انتہائی ضروری ہے۔
قرہ نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے ہمیشہ ریاستی حیثیت کی بحالی کا مسئلہ اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگست 2019 میں دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد سے ریاستی حیثیت کی بحالی کانگریس کی اولین ترجیح رہی ہے۔
طارق قرہ نے کہا، ’’ریاستی حیثیت کی بحالی جموں و کشمیر کے عوام کے لیے ہی نہیں بلکہ قومی مفاد کے لیے بھی ناگزیر ہے‘‘۔
انہوں نے مرکزی حکومت کی اس مسئلے پر خاموشی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور حکومت نے اس عمل کو آگے کیوں نہیں بڑھایا؟ انہوں نے کہا، ’’ہم نے بارہا وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کو اس اہم مسئلے کی یاد دہانی کرائی ہے، لیکن اب تک کوئی واضح کارروائی نہیں کی گئی‘‘۔
قرہ نے مزید کہا کہ کانگریس پارٹی ریاستی حیثیت کی بحالی کے مطالبے پر اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور اسے جموں و کشمیر کے عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے ایک ضروری قدم قرار دیا۔
انہوں نے کہا، ’’ہم اس مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے‘‘۔کانگریس پارٹی خطے کے مکمل سیاسی اور آئینی حقوق کے لیے مسلسل کوشش کر رہی ہے۔