عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جمعہ کے روز بڈگام میں آغا خاندان کے گھر جا کر تعزیت کی۔اس موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت کی فوری بحالی کے اپنے دیرینہ مطالبے کو دہراتے ہوئے کہا’’ریاستی درجہ ہمارا حق ہے، کسی کا احسان نہیں۔‘‘انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام کو ان کے جمہوری اور آئینی حقوق سے طویل عرصے سے محروم رکھا گیا ہے۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے زور دے کر کہا کہ مکمل ریاستی حیثیت کی بحالی، خطے کی شناخت، وقار اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے نہایت ضروری ہے۔انہوں نے کہاریاستی درجہ بحال کرنا صرف سیاسی نہیں بلکہ ایک اخلاقی ذمہ داری ہے، جسے مزید تاخیر کے بغیر پورا کیا جانا چاہیے۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کانگریس کے سینئر رہنماؤں کی جانب سے وزیر اعظم کو ریاستی درجہ کی بحالی کے حوالے سے خط لکھنے کے اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا’’میں ملکارجن کھڑگے اور راہل گاندھی کا شکر گزار ہوں جنہوں نے وزیر اعظم کو ریاستی درجہ کی بحالی کے سلسلے میں خط لکھا۔ ریاستی درجہ ہمارا حق ہے، نہ کہ کسی کا احسان‘‘۔
ریاستی درجہ ہمارا حق ہے، کسی کا احسان نہیں: ڈاکٹر فاروق عبداللہ
