عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر// سری نگر کے ڈل گیٹ میں ہفتہ کی سہ پہر ایک نوجوان کو اس کے دوست نے چاقو کے وار کر کے قتل کر دیا تھا جس کے اہل خانہ نے ملزم کے خلاف سخت کارروائی کرنے اور چنار باغ پارک کو بند کرنے کا مطالبہ کیا اور احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مقتول نوجوان برہان کی والدہ نے کہا، “ہم ملزم کے خلاف سزائے موت کا مطالبہ کرتے ہیں جس نے ہمارے بیٹے کو چاقو مار کر ہلاک کیا تھا۔ آج یہ میرا بیٹا تھا، اور کل کوئی اور ہو سکتا ہے”۔
یاد رہے کہ برہان کو ہفتے کے روز ایک نابالغ نے چاقو کے وار کر کے قتل کر دیا تھا، جسے پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کر لیا ہے۔
برہان کی والدہ نے مزید کہا،”ہم ڈل گیٹ میں واقع چنار باغ پارک کو بھی بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں، کیونکہ یہ پارک منشیات، شراب، جوئے اور دیگر غیر اخلاقی سرگرمیوں کا گڑھ ہے، اور اگر اسے بند کر دیا جائے تو شاید مزید ناخوشگوار واقعات سے بچا جا سکتا ہے”۔