عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) کٹھوعہ موہیتا شرما نے آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے ہیرا نگر اور راج باغ پولیس اسٹیشنوں کے دائرہ اختیار میں آنے والے دور دراز دیہات اور سیکورٹی کیمپوں کا دورہ کیا۔اس دوران ایس پی (آپریشنز) مکند تیواری، آئی پی ایس ڈی پی او بارڈر دھیرج کٹوچ،ڈی ایس پی (آپریشنز) پشپا اور دیگر افسران ان کے ہمراہ تھے۔ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ ایس ایس پی نے پولیس اسٹیشن راج باغ کی آئوٹ پوسٹ ملاتن اور آئوٹ پوسٹ چنگارا کا دورہ کیا اور وہاں تعینات اہلکاروں کے ساتھ بات چیت کی۔انہوں نے کہااس دوران موصوف ایس ایس پی کو ماضی میں استعمال ہونے والے در اندازی کے راستوں، موجودہ ولیج ڈیفنس گارڈز (وی ڈی جیز) کی موجودگی اور علاقے کے دیگر اہم نشانات کے بارے میں بریف کیا گیا۔موصوف ایس ایس پی نے تمام اہلکاروں کو ہدایت دی کہ وہ او جی ڈبلیوز پر کڑی نظر رکھیں، موسمی ہجرت کرنے والی آبادی کی نقل و حمل کا صحیح ریکارڈ رکھیں اور مزید رضا کاروں کی نشاندہی کریں جنہیں وی ڈی جی اسکیم میں شامل کیا جا سکتا ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ موہیتا شرما نے پکا کوٹہ، پرنگولی، منگلور اور سعیدا جیسے در اندازی کے لحاظ سے حساس علاقوں کا دورہ کیا اور وہاں نزدیکی جنگلات میں محاصرے اور تلاشی کارروائیوں میں مصروف ایس او جی اور سی آر پی ایف اہلکاروں سے بات چیت کی اور فورسز کے پاس موجود اسلحہ و دیگر ضروری ساز و سامان کا جائزہ لیا اور انہیں ہدایت دی کی وہ لمبی رینج کی گشت جاری رکھیں تاکہ مقامی سطح پر رابطہ کو مضبوط بنایا جا سکے اور علاقے سے واقفیت میں اضافہ ہو۔انہوں نے کہا کہ ایس ایس پی نے بابا سدھ گوریا مندر کے علاقے کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے مقامی لوگوں کے ساتھ بات چیت کی اور کماد جنگل کے علاقے میں در اندازی کے راستوں سے متعلق بریفنگ لی۔ایس ایس پی نے مقامی افسروں کو ہدایت دی کہ وہ گائوں کی سطح پر پی سی پی جی میٹنگوں کا باقاعدگی سے انعقاد کریں تاکہ دور دراز علاقوں میں پولیس اور عوام کے درمیان رابطے کو بہتر بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ پولیس ضلع میں امن و امان بر قرار رکھنے کے لئے پر عزم ہے۔
ایس ایس پی کٹھوعہ نے انسداد در اندازی گرڈ کا جامع جائزہ لیا