عظمیٰ ویب ڈیسک
ڈوڈہ/ ڈوڈہ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نے پیر کے روز ایک کانسٹیبل کو معطل کر دیا جب اُس پر مبینہ طور پر ڈوڈہ ضلع میں ایک ولیج ڈیفنس گارڈ (VDG) رکن کو زد و کوب کرنے کا الزام لگا۔
پولیس کے مطابق پولیس پوسٹ پرمنگر کے کانسٹیبل محمد ضیا کی مبینہ بدسلوکی، بالخصوص وی ڈی جی رکن کی مارپیٹ کے واقعے پر سخت نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ڈوڈہ سندیپ مہتا نے فوری اور مؤثر کارروائی کی ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ کانسٹیبل محمد ضیا کو فوری طور پر معطل کرکے ڈسٹرکٹ پولیس لائنز بھیج دیا گیا ہے، اور اس واقعے کی مکمل چھان بین کے لیے محکمانہ انکوائری کا حکم دیا گیا ہے۔ ایک سینئر افسر کو انکوائری آفیسر مقرر کیا گیا ہے جو دو ہفتوں کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گا۔
مزید کہا گیا کہ اس دوران تھانہ ٹھاٹھری کے اُس وقت کے ایس ایچ او، ڈپٹی ایس پی (پی) عفیر جلیل کے طرزِ عمل کی بھی باریک بینی سے جانچ کی جائے گی۔ انکوائری آفیسر کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اُن کے کردار کا جائزہ لے کر مخصوص سفارشات پیش کریں تاکہ مزید کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ معاملہ ضلعی پولیس کے زیرِ غور ہے اور جو بھی فرد کسی غلط کام میں ملوث پایا گیا، اُس کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔
ایس ایس پی ڈوڈہ نے وی ڈی جی ممبر کو زد و کوب کرنے پر کانسٹیبل معطل کیا
