عظمیٰ نیوز سروس
جموں// سپیشل سیکورٹی فورس (ایس ایس ایف) کا ایک اہلکار بدھ کو اس وقت مارا گیا جب اس کی موٹر سائیکل یہاں راج بھون کے باہر سڑک کے بیریکیڈ سے ٹکرا گئی۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ سلیکشن گریڈ کانسٹیبل روی کمار کو پنجتیرتھی میں راج بھون کے مین گیٹ کے قریب سڑک کے بیریکیڈ سے ٹکرانے کے بعد سر میں شدید چوٹیں آئیں۔
اُنہوں نے بتایا کہ جموں کے نگروٹہ علاقہ کا رہائشی کمار راج بھون سے باہر آرہا تھا جب یہ واقعہ پیش آیا۔
انہوں نے بتایا کہ اسے گورنمنٹ میڈیکل کالج ہسپتال لے جایا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے سڑک حادثے میں ایس ایس ایف اہلکاروں کی موت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے اور سوگوار خاندان کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ سنہا نے مرحوم کی روح کی ابدی سکون کے لیے بھی دعا کی۔