عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/سرینگر پولیس نے منگل کے روز لال چوک اور اس کے آس پاس کے مختلف بھیڑ والے مقامات پر اچانک (کورنڈن اینڈ سرچ آپریشنز) اور تلاشی مہمات کا انعقاد کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس مشق کا مقصد شہر کے تجارتی مرکز میں بلند سطح کی نگرانی برقرار رکھنا اور عوام کی حفاظت کو یقینی بنانا تھا۔عہدیداروں کے مطابق یہ آپریشنز کلیدی مقامات جیسے کہ کوکر بازار، کورٹ روڈ اور ریگل چوک میں کیے گئے جہاں دن بھر پیدل اور گاڑیوں کی آمد و رفت زیادہ رہتی ہے۔ پولیس ٹیموں نے گاڑیوں کو روک کر شناختی دستاویزات کی جانچ کی اور افراد کی تلاشی بھی لی۔
عہدیداروں نے بتایا کہ یہ اقدامات سرینگر میں کسی بھی ممکنہ خراب سرگرمی کو روکنے کے لیے باقاعدہ احتیاطی آپریشنز کا حصہ ہیں۔ ایک سینئر پولیس افسر نے کہایہ چیکنگ معمول کے مطابق ہوتی ہیں لیکن قانون و نظم قائم رکھنے کے لیے نہایت ضروری ہیں، خاص طور پر انٹیلی جنس ایجنسیوں سے حاصل شدہ مخصوص معلومات کے پیش نظر۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیس کی کوشش ہے کہ ایسے آپریشنز سے عوام کو کم سے کم تکلیف ہو۔ ہمارا مقصد ہر کسی کے لیے ماحول کو محفوظ اور پرسکون رکھنا ہے۔ شہری عموماً ان چیکنگز کے دوران پولیس کے ساتھ تعاون کرتے ہیں۔عہدیداروں نے تصدیق کی کہ آنے والے دنوں میں بھی سرینگر شہر کے لیے وسیع سکیورٹی منصوبے کے تحت ایسے آپریشنز جاری رہنے کا امکان ہے۔
سرینگر پولیس کی جانب سے لال چوک اورآس پاس کے علاقوں میں تلاشی آپریشن
