عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں وکشمیر پولیس نے غیر قانونی سرگرمیاں(انسداد) ایکٹ (یو اے پی اے) کے تحت درج کیسوں کی تحقیقات کے سلسلے میں سری نگر اور پلوامہ اضلاع میں تلاشی کارروائیاں انجام دیں۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ نامزد این آئی اے عدالت سری نگر سے سرچ وارنٹ حاصل کرنے کے بعد یو اے پی اے ایکٹ کے تحت درج ایف 01/2024 میں یہ تلاشی کارروائیاں انجام دی گئیں۔
انہوں نے کہایو اے پی اے ایکٹ کے تحت پولیس اسٹیشن راج باغ میں درج ایف آئی آر زیر نمبر01/20024 میں ایگزیکیٹیو مجسٹریٹ فرسٹ کلاس کے ساتھ تحریک حریت سے وابستہ بشیر احمد بٹ عرف پیر سیف اللہ ولد علی محمد بٹ ساکن زاڈورہ پلوامہ حال راول پورہ (جو اس وقت تہاڑ جیل میں بند ہیں) اور محمد اشرف لاوے ولد غلام رسول لاوے ساکن جامعہ قدیم بارہمولہ حال برزلہ کے گھروں پر چھاپے مارے گئے۔
بیان میں کہا گیا کہ تلاشی کے دوران بشیر احمد بٹ کے مکان سے قابل اعتراض مواد بشمول کتابیں، لیٹر ہیڈ، پمفلٹ اور اس کیس کی تحقیقات سے متعلق خطوط بر آمد کئے گئے جن کو باقاعدہ قانونی طریقہ کار کے مطابق مجسٹریٹ اور آزاد گواہوں کی موجودگی میں ضبط کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اس کیس کی تحقیقات جاری ہے۔
ان کا بیان میں مزید کہنا تھاجموں و کشمیر پولیس شہر میں امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے اور تشدد، خلل یا غیر قانونی سرگرمیوں کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے والے کسی بھی فرد کو قانون کے تحت سخت قانونی نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
یو اے پی اے کے تحت درج کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں سری نگر اور پلوامہ میں تلاشی کارروائیاں:پولیس
