عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// سرینگر پولیس نے ہفتہ کے روز ایک شخص کو لیہہ کے ایک رہائشی کے ساتھ 14.5 لاکھ روپے دھوکہ دہی کرنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے، جس نے لیہہ-منالی شاہراہ پر پیٹرول پمپ کی منظوری کے بہانے رقم نکلوانے کا دعویٰ کیا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ یہ کاروائی ایک شکایت گزار، رنچن انگچوک، ساکن ننگ لیہہ کی طرف سے تحریری معلومات ملنے کے بعد کی گئی، جس میں کہا گیا تھا کہ ملزم نے اپنی جعلی اثر و رسوخ کے ذریعے 14,48,829 روپے (14.5 لاکھ) کی رقم دھوکہ دہی سے نکلوائی۔
پولیس نے ملزم کی شناخت مرزا سجاد حسین بیگ، ساکن خوشی پورہ ایچ ایم ٹی کے طور سے کی ہے۔
پولیس نے مزید بتایا کہ اِس سلسلے میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت ایک مقدمہ ایف آئی آر نمبر 117/24 پولیس تھانہ پارمپورہ میں درج کیا گیا ہے اور ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ ملزم ایک عادی مجرم ہے اور وادی بھر میں دھوکہ دہی کے متعدد کیسز میں ملوث ہے۔ اس کے خلاف پولیس تھانہ بارہمولہ میں ایف آئی آر زیر نمبر 38/18، پولیس تھانہ زڈی بل میں ایک مقدمہ ایف آئی آر نمبر 23/13 اور اقتصادی جرائم ونگ، کرائم برانچ سرینگر میں ایک مقدمہ ایف آئی آر نمبر 44/23 درج ہیں۔
پولیس نے کہا کہ ملزم کا طریقہ کار یہ تھا کہ وہ خود کو بااثر شخص کے طور پر پیش کرتا تھا، اکثر سیاسی وابستگیوں کے ساتھ جوڑتا تھا اور انتخابی عمل میں شرکت کرتا تھا تاکہ وہ اپنی حفاظت کا ڈھونگ رچائے۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسے افراد سے ہوشیار رہیں اور مالی معاملات کرنے سے پہلے ان کی اِسناد کی تصدیق کریں۔ عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی رپورٹ اپنے قریب ترین پولیس تھانہ میں یا 112 پر اطلاع دیں۔