عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/ناردرن ریلوے نے اعلان کیا ہے کہ 29 اکتوبر سے کٹرا۔سری نگر وندے بھارت ایکسپریس اب ریاسی اسٹیشن پر بھی رکے گی، ابتک یہ تیز رفتار ریل صرف بانہال میں رکتی تھی۔
ریلوے حکام کے مطابق مقامی لوگوں کی جانب سے مسلسل مطالبہ کیا جا رہا تھا کہ کٹرا اور سری نگر کے درمیان صرف ایک ہی اسٹاپ ہونے کے باعث علاقائی مسافروں کو مشکلات درپیش ہیں، اس لیے ایک اضافی اسٹاپ فراہم کیا جائے۔ اس کے پیش نظر ریلوے انتظامیہ نے ریاسی اسٹیشن پر دو منٹ کے لیے ٹرین کو روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایک سرکاری حکم نامے کے مطابق وندے بھارت ایکسپریس کٹرا سے سری نگر اور سری نگر سے کٹرا، دونوں سمتوں میں ریاسی پر دو منٹ کے لیے رکے گی۔ ریلوے کے کمرشل ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس نئے اسٹاپ پر ٹکٹوں کی فروخت اور مسافروں کے ردِعمل پر قریبی نظر رکھے اور پانچ ماہ کے اندر رپورٹ پیش کرے تاکہ فیصلے کا جائزہ لیا جا سکے۔
قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے 6 جون 2025 کو جموں و کشمیر کے دو خطوں — جموں اور وادی کشمیر — کے درمیان پہلی وندے بھارت ریل سروس کا افتتاح کیا تھا۔ یہ تاریخی سروس کٹرا اور سری نگر کے درمیان براہِ راست تیز رفتار ٹرین رابطہ فراہم کرتی ہے۔
عہدیداروں کے مطابق وندے بھارت ایکسپریس کے آغاز کے بعد جموں اور سری نگر کے درمیان سفر کے نظام میں نمایاں تبدیلی آئی ہے۔ اس سروس کو مسافروں کی جانب سے زبردست پذیرائی حاصل ہوئی ہے اور ریاسی اسٹیشن پر نیا اسٹاپ عوامی سہولت کے پیشِ نظر اٹھایا گیا ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
کٹرا۔سری نگر وندے بھارت ایکسپریس اب ریاسی اسٹیشن پر بھی رکے گی