سری نگر/ مسلسل اور موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں کئی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ ہونے سے وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی اہم شاہراہیں بند ہیں۔
ٹریفک حکام نے بتایا کہ کئی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ اور چٹانیں کھسک آنے کی وجہ سے سری نگر – جموں قومی شراہ،جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو جموں صوبے کے راجوری اور پونچھ اضلاع کے ساتھ جوڑنے والا مغل روڈ اور وادی کو لداخ یونین ٹریٹری کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر- لیہہ شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل بند ہے۔
انہوں نے کہا کہ سنتھن روڈ پر بھی ٹریفک کی نقل و حمل بند ہے۔
حکام نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ موسم ٹھیک ہونے اور سڑکوں پر بحالی کا کام مکمل ہونے تک ان پر سفر کرنے سے گریز کریں نیز افواہوں پر کان نہ دھریں۔
لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ سڑکوں کا تازہ اپ ڈیٹ حاصل کرنے کے لئے ٹریفک پولیس ٹویٹر ہینڈل، فیس بک پیج اور ٹریفک کنٹرول یونٹوں کی طرف رجوع کریں۔
واضح رہے کہ جموں وکشمیر میں گذشتہ 12 گھنٹوں سے موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس سے کئی علاقوں میں ایک بار پھر سیلابی صورتحال پیدا ہوئی ہے۔
سری نگر – جموں قومی شاہراہ، مغل روڈ، سری نگر- لیہہ شاہراہ بند
