عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/نیشنل کانفرنس کے رکن پارلیمان اور سری نگر سے لوک سبھا ایم پی آغا روح اللہ مہدی نے وادی میں سیب کے عروج کے سیزن کے دوران سری نگر۔جموں قومی شاہراہ کی بندش پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسے کشمیر کی معیشت کو نقصان پہنچانے کی دانستہ سازش قرار دیا۔گزشتہ ماہ شدید بارش اور سیلابی ریلوں کے بعد شاہراہ کو لگاتار نو روز تک بند رکھا گیا تھا اور اگرچہ گزشتہ ہفتے اسے جزوی طور پر کھول دیا گیا، تاہم صرف ہلکی گاڑیوں کو ہی اجازت دی گئی ہے۔ اس کے باعث میوہ سے لدے ٹرک کئی روز سے درماندہ ہیں اور تاجروں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ لاکھوں روپے مالیت کا سامان خراب ہو سکتا ہے۔
روح اللہ مہدی نے شوپیان میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا: ’کبھی غیر معیاری کیمیائی ادویات بیچ کر ہماری زراعت کو برباد کرنے کی کوشش ہوتی ہے، کبھی بیرون ریاست سے سستے سیب درآمد کر کے ہماری منڈی متاثر کی جاتی ہے اور کبھی شاہراہ بند کر کے ہمارے میوہ ٹرک روک دیے جاتے ہیں۔ یہ سب ایک منظم مہم ہے جس کا نشانہ ہماری ریڑھ کی ہڈی سمجھی جانے والی ہارٹیکلچر صنعت ہے۔‘
انہوں نے الزام لگایا کہ جب جموں سے آنے والی گاڑیوں کو وادی میں داخلے کی اجازت ہے تو سری نگر سے جموں کی طرف جانے والے میوہ بردار ٹرکوں کو روکنے کا کوئی جواز نہیں۔ یہی صورتحال گزشتہ برس بھی پیدا کی گئی تھی جب ٹرکوں کو دانستہ روکا گیا اور سیب شاہراہ پر سڑ گئے۔ یہ ہماری معیشت پر براہ راست حملہ ہے اور ہمیں اس کے خلاف آواز بلند کرنی ہوگی۔اس موقع پر این سی ایم پی نے سپریم کورٹ کی طرف سے وقف ترمیمی ایکٹ کی چند شقوں پر عمل درآمد روکنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ ’قانون سب مذاہب پر یکساں طور پر نافذ ہونا چاہیے۔ اگر مسلمان دوسرے مذاہب کے اداروں پر کنٹرول نہیں رکھتے تو مسلمانوں کے اداروں پر بھی غیر ضروری دخل اندازی نہیں ہونی چاہیے‘۔
پی ایس اے کے تحت عام آدمی پارٹی کے ایم ایل اے معراج ملک کی گرفتاری پر بات کرتے ہوئے مہدی نے کہا کہ پبلک سیفٹی ایکٹ ہر شہری کے لیے خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی شخص جو اپنے حقوق کی بات کرتا ہے، وہ محفوظ نہیں ہے۔ یہ سلسلہ تبھی رکے گا جب ہم سب مل کر اس کے خلاف کھڑے ہوں گے۔روح اللہ مہدی نے حکومت اور عوامی نمائندوں کو خبردار کیا کہ خاموشی کے بجائے اس جبر کے خلاف عملی اقدامات کریں، ورنہ کل کو ان کی باری بھی آ سکتی ہے۔
سری نگر۔ جموں قومی شاہراہ کی بندش کا معاملہ: یہ کشمیر کی معیشت پر منظم حملہ ہے: آغا روح اللہ
