عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر اسمبلی کے اسپیکر نے وقف (ترمیمی) بل 2025پر بحث کو خارج کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ عدالت عظمیٰ میں زیرِ سماعت ہے۔جیسے ہی ایوان کی کارروائی شروع ہوئی، نیشنل کانفرنس کے اراکین نے پارلیمنٹ سے منظور شدہ وقف (ترمیمی) بل 2025 پر بحث کا مطالبہ کیا۔
نیشنل کانفرنس کے ایم ایل اے تنویر صادق نے کہاجموں و کشمیر جیسے مسلم اکثریتی ریاست میں وقف بل پر بحث ہونی چاہیے۔ اگر مرکز کی طرف سے لایا گیا جی ایس ٹی قانون اسمبلی میں زیرِ بحث آ سکتا ہے تو وقف بل پر کیوں نہیں؟
تاہم، اسپیکر نے کہا کہ یہ معاملہ اب عدالت عظمیٰ میں چیلنج ہو چکا ہے، اس لیے یہ زیرِ سماعت ہے۔
اسپیکر نے ایوان میں طریقہ کار اور کارروائی کے قواعد کے قاعدہ 58 کی ذیلی دفعہ (7) کا حوالہ دیتے ہوئے نیشنل کانفرنس اور شیخ خورشید کی طرف سے پیش کی گئی التوا کی تحریک کو نامنظور کر دیا۔
اس فیصلے کے بعد نیشنل کانفرنس، کانگریس اور پی ڈی پی کے اراکینِ اسمبلی نے ایوان میں شدید احتجاج کیا۔’’وقف بل نامنظور‘‘کے نعرے لگاتے ہوئے حکومتی بنچوں پر موجود اراکین نے اسٹیج کی طرف بڑھنے کی کوشش کی لیکن مارشلز نے انہیں روک دیا۔
جب ہنگامہ جاری رہا تو اسپیکر نے ایوان کی کارروائی کو 15 منٹ کے لیے ملتوی کر دیا۔یہ بجٹ اجلاس کے دوران پہلی بار تھا کہ اسپیکر کو ایوان کی کارروائی ملتوی کرنا پڑی۔
وقف ترمیمی بل معاملہ: اسمبلی میں ہنگامہ ، اسپیکر نے بل پر بحث کو خارج کر دیا
