محمد تسکین
رامسو// ضلع رام بن کی تحصیل پوگل-اُکڑال میں حالیہ برفباری کے بعد بھی عوام کو مشکلات کا سامنا ہے، کیونکہ برف ہٹانے کے باوجود سڑک پر جان لیوا پھسلن نے معمولاتِ زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ شالگڑھ سے پوگل تک مالیگام کی پانچ پنچایتوں کو جوڑنے والی یہ سڑک عوام کے لیے وبالِ جان بن چکی ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ پی ایم جی ایس وائی کے تحت برف صاف کرنے والے ٹھیکیداروں نے غیر معیاری کام کیا ہے، جس کے نتیجے میں سڑک پر پھسلن پیدا ہو گئی ہے۔ سڑک کی حالت شیشے کی مانند ہو گئی ہے، جس پر نہ چلنا ممکن ہے اور نہ گاڑیوں کی آمدورفت کے قابل ہے۔
مقامی صحافی انیس احمد شیخ نے کہا کہ پوگل اور مالیگام کے ہزاروں لوگوں کو روزمرہ کے کاموں کے لیے تحصیل ہیڈکوارٹر اُکڑال جانا پڑتا ہے، لیکن برف اور پھسلن کی وجہ سے یہ سفر نہایت خطرناک ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سردیوں کے تین سے چار ماہ تک سڑک پر برف اور پھسلن برقرار رہتی ہے، جس کی وجہ سے مقامی لوگ شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر اُکڑال-پوگل سڑک پر برف کے متاثرہ مقامات پر نمک اور کھاد چھڑکنے کا عمل شروع کیا جائے تاکہ پھسلن کم ہو اور معمولاتِ زندگی بحال ہو سکیں۔
انہوں نے بانہال کے ممبر اسمبلی حاجی سجاد شاہین اور ضلع حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مسئلے کا مستقل حل نکالیں اور متبادل سڑک کی تعمیر کا عمل شروع کریں۔ عوام کا کہنا ہے کہ یہ سڑک، خاص طور پر منڈکھال، جفکھنی، اور کوٹ کے مقامات پر، سالہا سال سے حادثات کا شکار ہوتی رہی ہے، اور کئی افراد اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔
مقامی لوگوں نے کہا کہ پی ایم جی ایس وائی کے انجینئر اور ملازم عوام کی مشکلات سے بے خبر ہیں اور صرف اپنے مفادات پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔ عوام نے اس اہم مسئلے پر فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مزید جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔