یو این آئی
غزہ// شمالی غزہ کے بیت لاہیہ علاقے میں واقع رہائشی مکان پر اسرائیلی حملے میں کم از کم 16 افراد ہو گئے۔ یہ اطلاع فلسطینی ذرائع نے منگل کے روز دی۔
سول ڈیفنس نے مختصر بیان میں کہا کہ اسرائیلی طیاروں نے بیت لاہیہ اسکوائر کے نزدیک ایک مکان پر بمباری کی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ رہائشیوں کو شہری تحفظ اور طبی خدمات کی ضرورت تھی لیکن بدقسمتی سے شمالی غزہ میں اب ایسی کوئی خدمات دستیاب نہیں ہیں۔
اسرائیلی فوج نے ابھی تک اس حملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے غزہ کی پٹی میں 07 اکتوبر 2023 کو جنوبی اسرائیلی پر حماس کے حملہ کے بعد سے عسکری جارحیت جاری رکھا ہے جس میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 43,061 ہو گئی ہے۔
ایران نے غزہ کی رہائشی عمارت پر اسرائیلی حملے کی مذمت کی
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بغائی نے منگل کے روز شمالی غزہ کے بیت لاہیہ میں واقع رہائشی عمارت پر اسرائیل کے حملے کی مذمت کی۔
اطلاعات کے مطابق اس حملے میں 20 بچوں سمیت کم از کم 93 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوئے۔
اسماعیل بغائی نے اسرائیل کی جانب سے جاری نسل کشی اور بے دفاع فلسطینیوں کے قتل عام کے ساتھ ہی غزہ کی پٹی میں رہائشی علاقوں اور اہم انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانے پر تنقید کی۔ انہوں نے جرائم کو روکنے اور اسرائیلی رہنماؤں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے فیصلہ کن بین الاقوامی کارروائی کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے اسرائیل کو فوجی اور سیاسی مدد فراہم کرنے پر امریکہ اور بعض دیگر مغربی ممالک کی مذمت کی۔
مقامی عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیلی فورسز نے بیت لاہیہ میں پانچ منزلہ رہائشی عمارت کو تباہ کر دیا، طبی اور شہری تحفظ کی ٹیموں کی کمی کی وجہ سے رہائشیوں کو اپنے ہاتھوں سے ملبے سے لوگوں کو نکالنا پڑا۔
غزہ کے محکمہ صحت کے حکام کے مطابق غزہ میں جاری اسرائیلی حملوں میں مرنے والے فلسطینیوں کی تعداد 43,000 سے تجاوز کر گئی ہے۔