سرینگر// جموں وکشمیر کی گرمائی راجدھانی سری نگر کے نوابازار علاقے میں آگ کی ایک بھیانک واردات میں چھ دکانیں خاکستر ہوئی ہیں جبکہ آگ بجھانے کی کارروائی کے دوران فائر مین سمیت دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق منگل کی شام پائین شہر کے نوا بازار علاقے میں اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب یک منزلہ شاپنگ کمپلیکس سے آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً کئی دکانوں کو لپیٹ میں لے لیا۔
معلوم ہوا ہے کہ فائر اینڈ ایمرجنسی کے اہلکار فوری طورپر جائے موقع پر پہنچے اور آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی تاہم آتشزدگی کی اس واردات میں چھ دکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ آگ کی اس بھیانک واردات میں لاکھوں روپیہ مالیت کی اشیاءراکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوئی ہے۔
فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک عہدیدار نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ منگل کی شام چھ بجے کے قریب نوا بازار علاقے میں دکان سے آگ نمودار ہونے کی اطلاع ملتے ہی فائر مین جائے موقع پر پہنچے ۔
انہوں نے کہاکہ نو فائر ٹینڈروں کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا تاہم آتشزدگی کی اس واردات میں کئی دکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔
ان کے مطابق آگ بجھانے کی کارروائی کے دوران سینئر فائر مین بلال احمد زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ ایک دکاندار کو بھی چوٹ آئی ہے۔
مقامی لوگوں کی جانب سے چھ دکانیں خاکستر ہونے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں سینئر عہدیدار نے بتایا کہ آگ بجھانے کی کارروائی جاری ہے ابتدائی اطلاعات میں تین دکانیں خاکستر ہوئی تھیں۔
دریں اثنا پولیس نے آگ لگنے کی وجوہات جاننے کی خاطر کیس درج کر کے مزید تحقیقات شروع کی۔
پائین شہر میں بھیانک آتشزدگی، 6 دکانیں خاکستر، فائر مین سمیت 2 زخمی
