سرینگر// وسطی کشمیر کے سرینگر ضلع میں پولیس نے فرقہ وارانہ نفرت پھیلانے والے چھ افراد کو توہین آمیز ریمارکس دینے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق، ان چھ افراد کے خلاف بی این ایس ایس کے سیکشن 126 اور 170 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے اور انہیں سینٹرل جیل سری نگر میں حراست میں رکھا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے فرقہ وارانہ بدامنی پیدا کرنے کی غرض سے توہین آمیز ریمارکس دیے۔
پولیس کی جانب سے عوام کو متنبہ کیا گیا ہے کہ اگر کوئی شخص اس قسم کی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا، جن میں فرقہ وارانہ مواد پوسٹ یا شیئر کرنا شامل ہے، تو اسے بھی یہی انجام بھگتنا پڑے گا۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں چند افراد کو توہین آمیز مذہبی ریمارکس دیتے ہوئے دیکھا گیا۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو قائم رکھیں اور کسی بھی قابل اعتراض مواد کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں۔
سوشل میڈیا پر توہین آمیز تبصرے کرنے پر 6 شرپسند گرفتار: پولیس
