عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// کٹھوعہ ضلع کے شیوا نگر علاقے میں ایک رہائشی مکان میں خوفناک آگ لگنے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے چھ افراد جاں بحق اور چار زخمی ہوگئے۔
ذرائع نے بتایا کہ یہ افسوسناک واقعہ گزشتہ شب ریٹائر ڈی ایس پی اوتار کرشن ولد کیشو رینا کے گھر میں وارڈ نمبر 16، شیوا نگر میں پیش آیا۔ انہوں نے بتایا کہ جاں بحق افراد میں چار نابالغ بچے بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر ضلع ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
جاں بحق افراد کی شناخت 17 سالہ گنگا بھگت دختر بھرت بھوشن، 15 سالہ دانش بھگت ولد بھرت بھوشن، 25 سالہ برکھا رینا دختر اوتار کرشن، 3 سالہ تکاش رینا اور 4 سالہ ادوک رینا ولد سندیپ کول کے طور پر ہوئی ہے۔
زخمیوں میں 61 سالہ سورنا زوجہ اوتار کرشن، 40 سالہ نیتو دیوی زوجہ بھرت بھوشن، 15 سالہ ارون کمار ولد ایس چند اور 60 سالہ کیول کرشن ولد مانسا رام شامل ہیں۔ تمام زخمیوں کا علاج جی ایم سی کٹھوعہ میں جاری ہے۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے بجلی شارٹ سرکٹ کو آگ لگنے کی وجہ قرار دیا جا رہا ہے تاہم واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔