عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر پولیس نے منشیات کے خلاف اپنی جاری مہم کے تحت جموں، ادھم پور اور کٹھوعہ اضلاع میں چھ منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے ہیروئن، موبائل فون اور دیگر مواد برآمد کیا ہے۔پولیس ترجمان کے مطابق، منگل کی صبح ادھم پور ضلع میں تَوی پل کے نزدیک جگانُو کے مقام پر گشت پر مامور پولیس اہلکاروں نے ایک مشتبہ شخص، ارون چودھری ساکن کروہ، کو روک کر تلاشی لی، جس کے دوران اس کے قبضے سے 5.81 گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔ ملزم کو فوری طور پر حراست میں لے کر قانونی کارروائی شروع کی گئی۔
ادھر ارون سنگھ ساکن راجیو نگر کو جموں بس اسٹینڈ کے قریب سے گرفتار کیا گیا جس کے قبضے سے 20 گرام ہیروئن اور وزن تولنے کی مشین برآمد ہوئی۔پولیس کے مطابق ایک اور کارروائی کے دوران جموں پولیس نے نو آباد علاقے میں محمد رستم شاہ ساکن بارہمولہ کی گرفتاری عمل میں لا کر اس کے قبضے سے 12 گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔دریں اثنا بہو قلعہ کے مقام پر پولیس نے روبل شرما عرف چنکو ساکن طلاب تلو کو دھر دبوچ کر اس کے قبضے سے 8.66 گرام ہیروئن، ایک وزن تولنے کی مشین اور 11 موبائل فون برآمد کیے گئے۔
کٹھوعہ ضلع کے راج باغ علاقے میں ہردو مُٹھی کے مقام پر پولیس نے ناکہ چیکنگ کے دوران دو منشیات فروشوں لیاقت علی اور سجاد حسین کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 13.04 گرام ہیروئن برآمد کی۔
پولیس ترجمان کے مطابق تمام گرفتار شدگان کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور مزید تحقیقات جاری ہے تاکہ اس نیٹ ورک سے وابستہ دیگر عناصر کا بھی پتہ لگایا جا سکے۔پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات کے خلاف مہم میں تعاون کریں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن کو دیں تاکہ معاشرے کو منشیات کے ناسور سے نجات دلائی جا سکے۔
جموں میں چھ منشیات فروش گرفتار، ہیروئن ضبط: پولیس
