عظمیٰ ویب ڈیسک
بڈگام/بڈگام ضلع کرشناخانصاحب مرکزی سڑک کے کنارے چھ مردہ گائیں پھینکی ہوئی پائی گئیں، جس سے مقامی آبادی کو ناقابلِ برداشت صورتحال کا سامنا ہے اور ماحولیاتی و صحتِ عامہ کے سنگین خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔مقامی لوگوں کے مطابق یہ مردہ جانور ممکنہ طور پر کسی نزدیکی گاؤں سے لائے گئے اور چند روز قبل سڑک کنارے پھینک دیے گئے تھے۔ سڑنے گلنے کے باعث علاقے میں شدید بدبو پھیل گئی ہے، جس نے رہائشیوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔
ایک مقامی دکاندار نے بتایا، ’’بدبو اتنی ناقابلِ برداشت ہے کہ لوگوں کو اس سڑک سے گزرتے وقت اپنے چہرے ڈھانپنے پڑتے ہیں۔ قریبی نالہ بھی آلودہ ہونے کے خطرے سے دوچار ہے، کیونکہ مردہ جانوروں سے نکلنے والا پانی اس میں شامل ہو سکتا ہے۔ یہ صرف بدبو کا مسئلہ نہیں بلکہ صحت کے لیے بھی خطرناک ہے‘‘۔
عینی شاہدین کے مطابق مویشی کئی دن پہلے مرے تھے اور انہیں نامعلوم افراد نے رات کی تاریکی میں لا کر پھینکا۔ اس واقعے نے مقامی آبادی میں شدید ناراضگی پیدا کی، جنہوں نے اس عمل کو انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور غیر صحت مند قرار دیا۔انتظامیہ کی عدم توجہی کے بعد مقامی رضاکاروں کا ایک گروپ خود آگے آیا اور صورتِ حال پر قابو پانے کے لیے ایک بلڈوزر کا انتظام کرکے لاشوں کو دفن کیا، تاکہ بیماریوں اور ماحولیاتی آلودگی کے مزید پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔
رضاکار مزمل احمد نے کہا، ’’ہم مزید انتظار نہیں کر سکتے تھے۔ بدبو ناقابلِ برداشت ہو چکی تھی اور لوگ بیمار پڑنے لگے تھے۔ ہمیں فوری اقدام کرنا پڑا تاکہ ماحول اور عوامی صحت دونوں کو بچایا جا سکے۔ افسوس کی بات ہے کہ عام شہریوں کو انتظامیہ کی جگہ یہ اقدامات کرنے پڑ رہے ہیں‘‘۔ایک ماحولیاتی کارکن نے کہاایسے واقعات نہ صرف ماحولیاتی نظام کو نقصان پہنچاتے ہیں بلکہ انسانی آبادیوں کو بھی خطرے میں ڈالتے ہیں۔انہوں نے ضلع انتظامیہ بڈگام سے فوری اصلاحی اقدامات کرنے کی اپیل کی۔
بڈگام میں چھ مردہ گائیں سڑک کنارے پھینکی گئیں، مقامی آبادی برہم
