عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر میں ملی ٹینسی کے خاتمے اور اس کے حمایت یافتہ ڈھانچے کو ختم کرنے کی ایک اہم کارروائی کے تحت، جموں و کشمیر پولیس کی اسٹیٹ انویسٹی گیشن ایجنسی نے کپواڑہ میں پاکستان میں مقیم ایک مطلوب ملی ٹینٹ کی جائیداد ضبط کر لی ہے۔موصولہ سرکاری بیان کے مطابق، ضبط کی گئی جائیداد عبد الحمید لون ولد عبد العزیز لون ساکن ماور بالا قلم آباد، ہندوارہ، ضلع کپواڑہ کی ہے۔
پولیس ترجمان نے کہاکہ ضبط کی گئی غیر منقولہ جائیداد خسرہ نمبر 110-منٹ (2 کنال 3 مرلہ) اور خسرہ نمبر 115-منٹ (1 کنال 16 مرلہ)میں شامل ہے۔انھوں نے کہا یہ کارروائی قانونی ضابطے کے مطابق اور معزز این آئی اے کورٹ کلگام کی اجازت سے انجام دی گئی۔
ملزم عبد الحمید لون ایک مفرور ملی ٹینٹ ہے جو پولیس اسٹیشن CIK/SIA کشمیر کے ایف آئی آر نمبر 02/2023 میں متعدد دفعات کے تحت مطلوب ہے، جن میں یو اے پی اے کی دفعات 13، 17، 18، 21، 39، 40 اور تعزیراتِ ہند کی دفعہ 120-بی شامل ہیں۔ وہ گرفتاری سے بچنے کے لیے روپوش ہے اور دہشت گرد سرگرمیوں میں براہ راست ملوث رہا ہے۔پولیس ترجمان کے مطابق، جائیداد کی ضبطی ایک ایگزیکٹو مجسٹریٹ کی موجودگی میں عمل میں لائی گئی تاکہ تمام قانونی تقاضے پورے کیے جا سکیں۔
بیان میں کہا گیا یہ کارروائی خطے میں غیر قانونی اور ملک دشمن سرگرمیوں کی تحقیقات میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ یہ ایس آئی اے کے اس عزم کی بھی عکاسی کرتی ہے کہ دہشت گرد خطرات کو بے اثر کیا جائے، قومی سلامتی کو یقینی بنایا جائے، اور جموں و کشمیر میں امن و قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھا جائے۔
ایس آئی اے، جموں و کشمیر دیگر سیکیورٹی اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے ساتھ مل کر ان افراد اور اداروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کے لیے پرعزم ہے جو ملک کی خودمختاری، سالمیت اور اتحاد کو خطرے میں ڈالنے والی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔
کپواڑہ میں ایس آئی اے نے پاکستان میں مقیم ملی ٹینٹ کی جائیداد ضبط کر لی
