عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/جموں و کشمیر کے ضلع ریاسی کے قصبہ ترکوٹہ پہاڑیوں میں واقع شری ماتا ویویشنو دیوی مندر کی یاترا جو 19 دنوں تک معطل رہنے کے بعد آج یعنی اتوار کو دوبارہ شروع ہونے والی تھی، کو مسلسل بارش کے درمیان اگلے احکامات تک ایک بار پھر معطل کر دیا گیا ہے۔
شرائن بورڈ نے ’ایکس‘پر اپنے ایک پوسٹ میں کہابھون اور ٹریک پر مسلسل بارش کی وجہ سے 14 ستمبر سے طے شدہ شری ماتا ویشنو دیوی یاترا کو اگلے حکم تک معطل کر دیا گیا ہے۔یاتریوں سے کہا گیا کہ وہ باضابطہ مواصلاتی چینلز کے ذریعے یاترا کے متعلق اپ ڈیٹ رہیں۔قبل ازیں بورڈ حکام نے کہا تھا کہ نامساعد موسمی حالات اور مقدس مندر کی طرف جانے والے ٹریک کی ضروری دیکھ بھال کی وجہ سے عارضی معطلی کے بعد، شری ماتا ویشنو دیوی جی کی یاترا موافق موسمی صورتحال رہنے کی شرط پر 14 ستمبر (اتوار) سے دوبارہ شروع ہوگی۔
واضح رہے کہ 26 اگست کو راستے میں شدید بارشوں سے لینڈ سلائیڈنگ ہونے کی وجہ سے اس یاترا کو احتیاطی طور پر بند کر دیا گیا تھا، اس واقعے میں 30 سے زیادہ افراد، جن میں بیشتر یاتری تھے، کی موت واقع ہوئی تھی۔جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا جو شری ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں، نے اس واقعے کی تحقیقات کے لئے ایک اعلیٰ سطحی سہہ رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔قابل ذکر ہے کہ سال گذشتہ 94 لاکھ 84 ہزار یاتری اس مقدس مندر کی یاترا سے فیضیاب ہوئے۔
ناساز گار موسمی حالات کے پیش نظر شری ماتا ویشنو دیوی یاترا ایک بار پھر معطل
