عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/شوپیاں پولیس نے ضلع بھر میں کیمیکلز، دھماکہ خیز مواد، کھاد، ہارڈ وئیر اشیا، آٹو موبائل ورک شاپس اور دیگر حساس مواد سے وابستہ دکانوں اور کارو باری اداروں کی معائنہ مہم کو مزید تیز کر دیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ضابطہ جاتی تقاضوں کی پاسداری، درست ریکارڈ کی دیکھ بھال اور مواد کی موثر نگرابی کو یقینی بنانا ہے تاکہ سماج دشمن عناصر ان کا غلط استعمال نہ کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ معائنوں کے دوران دکانداروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ صارفین کا کا تفصیلی ریکارڈ رکھیں جس میں شناختی معلومات، خریدی گئی مقدار اور خریداری کے بیان کردہ مقاصد شامل ہوں۔ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ دکانداروں کو یہ بھی مشورہ دیا گیا کہ وہ اپنی دکانوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کریں تاکہ نگرانی کی صلاحیت بہتر ہو اور لین دین کا مکمل سراغ رکھا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ یہ مضبوط کردہ معائنہ نظام ضلع کی مجموعی حفاظتی نگرانی کو مستحکم بنانے، ریگولیٹڈ اشیا کے ممکنہ غلط استعمال کو روکنے اور نافذ کئے جا رہے حفاظتی اقدامات پر عوام کے اعتماد میں اضافہ کرنے میں اہم رول ادا کرے گا۔ان کا کہنا ہے کہ شوپیاں پولیس عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے پر عزم ہے۔
شوپیاں میں کیمیکلز، دھماکہ خیز مواد، کھاد، ہارڈ وئیر اشیا، آٹو موبائل ورک شاپس وغیرہ کی معائنہ مہم مزید تیز: پولیس