عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر//جموں و کشمیر کے گرمائی دارالحکومت سری نگر میں سہ پہر کے بعد تیز آندھی کے باعث جھیل ڈل میں ایک شکارا اُلٹ گیا، جس میں سوار چار سیاح پانی میں ڈوب گئے۔ تاہم فوری کارروائی کے نتیجے میں سبھی سیاحوں کو بحفاظت بچا لیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق، بدھ کی سہ پہر سری نگر میں موسم نے اچانک کروٹ لی اور تیز ہواؤں کے سبب جھیل ڈل میں ایک شکارا الٹ گیا، جس کے نتیجے میں اس میں سوار چار سیاح پانی میں جا گرے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (SDRF) اور ریور پولیس کے اہلکار فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچے اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام سیاحوں کو بحفاظت باہر نکال لیا۔
عوامی حلقوں نے ایس ڈی آر ایف اور ریور پولیس کے اس بروقت اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی مستعدی نے ایک بڑا سانحہ ہونے سے بچا لیا۔
جھیل ڈل میں چار سیاحوں کو ڈوبنے سے بچا لیا گیا
