عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// نیشنل کانفرنس کی سینئر رہنما اور سابق ایم ایل سی شہناز گنائی پیر کو بھارتیہ جنتا پارٹی میں شامل ہو گئیں ہیں۔
گزشتہ ہفتے پارلیمنٹ میں جموں و کشمیر آئینی ایس ٹی ترمیمی بل کی منظوری کے بعد اُنہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا تھا اور آج انچارج جموں و کشمیر بھارتیہ جنتا پارٹی ترن چگھ، مرکزی وزیرِ مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ کی موجودگی میں بی جے پی میں شامل ہو گئیں۔
اس دوران پارٹی صدر دفترنئی دہلی میں منعقد ایک تقریب میں پارٹی قومی ترجمان کے علاوہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے دیگر سینئر لیڈران اور کارکنان موجود تھے۔ پارٹی نے گنائی کا والہانہ استقبال کیا۔
سابق ایم ایل سی شہناز گنائی نیشنل کانفرنس کے سینئر رہنما اور سابق وزیر مرحوم غلام محمد گنائی کی دختر ہیں۔ وہ عرصہ دراز سے نیشنل کانفرنس سے وابستہ تھیں اور 2020 کے ڈی ڈی سی الیکشن سے قبل پارٹی سے دستبرداری اختیار کر لی تھی۔
اُنہوں نے سال 2020 میں پونچھ ضلع کے منڈی علاقے سے آزاد امیدوار کے طور پر ڈی ڈی سی الیکشن میں حصہ لیا تھا تاہم وہ اس الیکشن ہار گئیں تھیں۔عمر عبداللہ کے دورِ اقتدار میں وہ نیشنل کانفرنس کی طرف سے ایم ایل سی کے طور پر خدمات انجام دے چکی ہیں۔