سرینگر// حکومت نے شبِ معراج کی تعطیل کو پیر سے منگل منتقل کر دیا ہے۔ یہ اعلان ہفتے کے روز جاری کیے گئے ایک سرکاری حکم نامے کے زریعے کیا گیا۔
جنرل ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ (جی اے ڈی) کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے میں کہا گیا ہے،
“حکومتی حکم نامہ نمبر 2193-جے کے (جی اے ڈی) مورخہ 29 دسمبر 2024 میں جزوی ترمیم کرتے ہوئے یہ حکم دیا جاتا ہے کہ شبِ معراج کے موقع پر تعطیل اب 28 جنوری 2025 (منگل) کو ہوگی، جو پہلے 27 جنوری 2025 (پیر) کو مقرر کی گئی تھی”۔
یہ فیصلہ جموں و کشمیر وقف بورڈ کی طرف سے ریونیو (حج و اوقاف) ڈیپارٹمنٹ کے سیکریٹری کو کی گئی درخواست کے بعد کیا گیا۔ وقف بورڈ کی درخواست میں آستانِ عالیہ حضرت بل، سرینگر کے منتظم کا حوالہ دیا گیا، جنہوں نے کہا کہ معراج النبیﷺ 27 رجب المرجب کے موقع پر منگل، 28 جنوری 2025 کو منائی جائے گی، نہ کہ پیر، 27 جنوری کو۔
وقف بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے مذہبی علما اور دیگر متعلقہ افراد کے ساتھ مشاورت کے بعد نئی تاریخ کی تصدیق کی۔ بعد ازاں، انہوں نے جنرل ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ سے پورے جموں و کشمیر میں تعطیل کو 28 جنوری 2025 تک منتقل کرنے کی درخواست کی۔
شبِ معراج کی تعطیل اب منگل کو ہوگی
