سرینگر لیہہ شاہراہ پر یکطرفہ ٹریفک بحال

غلام نبی رینہ

کنگن//پانچ روز تک بند رہنے کے بعد آج سرینگر لیہہ شاہراہ کو یکطرفہ مسافر ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا ہے جس کے ساتھ ہی سونمرگ سے کرگل کی طرف پانچ سو کے قریب گاڑیوں کو روانہ کیا گیا ہے۔
رواں ہفتے کو ہوئی موسلادھار بارشوں اور زوجیلا پر تازہ برفباری کے بعد چند مقامات پر برفانی تودے اور پسیاں گرآئے تھے جس کی وجہ سے سرینگر لیہہ شاہراہ کو احتیاطی طور پر ٹریفک کی آمدورفت کے لئے بند کردیا گیا تھا تاہم موسم میں بہتری آنے کے ساتھ ہی پروجیکٹ وجیک اور باڈر روڈ آرگنائزیشن نے زوجیلا سے برفانی تودے اور پسیاں ہٹانے کا کام شروع کیا تھا۔
ایس ایس پی ٹریفک رورل نے بتایا کہ گذشتہ روز بیکن نے شاہراہ سے برفانی تودے اور پسیاں ہٹانے کا کام مکمل کرلیا جس کے بعد آج سونمرگ میں پانچ روز سے درماندہ مسافر گاڑیوں کو کرگل کی طرف روانہ کیا گیا۔
ایس ایس پی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ مال بردار گاڑیوں کو یکم مئی سے شاہراہ پر چلنے کی اجازت ہوگی۔