سرینگر// نوہٹہ سرینگر میں پیر کی صبح بھیانک آگ لگنے سے 5 رہائشی مکانات اور 5 دکانوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ آگ تیزی سے پھیلی، جس کے بعد فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کی ٹیموں نے فوری طور پر کاروائی شروع کی۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیمیں جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہیں تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے۔
ایک اہلکار کے مطابق، “آگ نے 5 سے 6 رہائشی ڈھانچوں اور کئی دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، ہم اپنی پوری کوشش کر رہے ہیں کہ شعلوں پر قابو پایا جائے”۔
آتشزدگی کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے تاہم خوش قسمتی سے، کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔