عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/شمالی کشمیر کے اولڈ ٹائون بارہمولہ میں آتشزدگی کے ایک بھیانک واقعے میں دو رہائشی و کمرشل عمارتیں خاکستر ہوگئیں۔ذرائع نے بتایا کہ اولڈ ٹائون بارہمولہ میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ایک ا رہائشی و کمرشل عمارت سے آگ نمو دار ہوئی جس کے شعلوں نے متعصل واقع ایک اور عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔انہوں نے کہا کہ آگ کے شعلے اس قدر بلند تھے کہ ان کو دور دور سے دیکھا جا سکتا تھا اور آگ لگنے کے ساتھ ہی مقامی لوگ جمع ہوئے۔
محکمہ فائر اینڈ ایمرجسنی کے ایک عہدیدار نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اولڈ ٹائون بارہمولہ میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب قریب پونے ایک بجے دو رہائشی و کمر شل عمارتیں آگ لگنے سے خاکستر ہوگئیں۔انہوں نے کہا کہ اطلاع ملتے ہی قریب نصف درجن فائر ٹنڈرس کو جائے موقع پر بھیج دیا گیا جنہوں نے مقامی رضاکاروں کی مدد سے آگ کو قابو میں کرکے مزید پھیلنے سے روک دیا۔ان کا کہنا تھا کہ تاہم اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔حکام نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجوہات معلوم کی جا رہی ہیں۔دریں اثنا پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے کارروائیاں شروع کی ہیں۔
اولڈ ٹاؤن بارہمولہ میں آتشزدگی، دو رہائشی و کمرشل عمارتیں خاکستر
