جموں/ جموں و کشمیر کے ضلع ریاسی کے ایک دور افتادہ بھدر گاؤں میں موسلا دھار بارش سے گر آنے والے ایک بھاری بھر کم مٹی کے تودے نے ایک کچے مکان کو اپنی زد میں لے لیا جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے سات افراد کی ہلاکت کا خدشہ ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ریاسی کے مہور علاقے کے بھدر گائوں میں موسلادھار بارش سے لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس نے ایک کچے مکان کو اپنی زد میں لے لیا۔
انہوں نے کہا کہ اس واقعے میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد جن میں میاں بیوی اور ان کے پانچ بچے شامل ہیں، مکان کے نیچے دب گئے جن کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
دریں اثنا وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اس واقعے پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ کے ‘ایکس’ ہینڈل پر ایک پوسٹ میں کہا گیا: ‘ وزیر اعلیٰ نے ریاسی کے بھدر گاؤں میں ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا جس میں ایک ہی خاندان کے سات افراد کی موت ہو گئی’۔
وزیر اعلیٰ نے مسلسل بارشوں کے پیش نظر لوگوں سے الرٹ رہنے کی اپیل کی۔
انہوں نے لوگوں سے کہا کہ وہ ان علاقوں جہاں ایسے واقعات پیش آنے کے خطرات رہتے ہیں کے نزدیک جانے سے گریز کرنے اور سیفٹی ایڈوازئریز پر عمل کرنے کی تاکید کی۔
پوسٹ کے مطابق عمر عبداللہ نے ضلعی انتظامیہ اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ زمین پر موجود رہیں، چوبیس گھنٹے نگرانی کو یقینی بنائیں، خطرے کے شکار علاقوں سے مکینوں کا بروقت انخلاء کریں اور متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف اور ہر ممکن مدد فراہم کریں۔
ریاسی لینڈ سلائیڈنگ میں ایک ہی کنبے کے 7 افراد کی ہلاکت کا خدشہ
