محمد تسکین
بانہال// ضلع رام بن کے رامسو علاقے میں ممکنہ پاگل کتے کے حملے میں کم از کم سات افراد زخمی ہوئے ہیں جس میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔
مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ایک آوارہ کتا جو بظاہر پاگل تھا، بھاٹا سربگنی سے نمودار ہوا اور ہر راہ چلتے شخص پر حملہ کرتا گیا۔
انہوں نے کہا کہ رامسو قصبہ میں پہچنے تک اس پاگل کتے نے کم از کم سات افراد کو زخمی کیا تھا جس میں چھ افراد کے منہ، ہاتھ، ٹانگیں اور بازو کتے کے کاٹنے کی وجہ سے زخمی ہوئے ہیں۔
رامسو ہسپتال انتظامیہ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ شاہراہ پر واقع پرائمری ہیلتھ سینٹر رامسو ہسپتال میں کتے کے کاٹنے کیوجہ سے زخمی چھ افراد کو ابتدائی طبی امداد اور اینٹی ریبیز انجیکشن دیئے گئے ہیں اور بعد میں تمام چھ زخمیوں کو مزید اور بہتر علاج کیلئے سب ڈسٹرکٹ ہسپتال بانہال روانہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے زخمیوں کی شناخت سوہل فہاد عمر چار سال ساکنہ سربگھنی، نسیمہ بیگم عمر 35 سال ساکنہ سربگھنی، طاہر تنویر عمر 14 سال ساکنہ سربگھنی، راجندر کمار عمر چالیس سال ساکنہ سربگھنی، گورا دیوی عمر پچاس سال ساکنہ سربگھنی، خالدہ بیگم عمر 28 سال ساکنہ سربگھنی تحصیل رامسو کے طور کی ہے۔
بعد میں رامسو کے نزدیک لوگوں نے اس پاگل کے کو مار گرایا گیا۔