عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی// مرکزی وزیر جتیندر سنگھ نے جمعرات کو کہا کہ ریلوے وزارت نے جموں میں ایک علیحدہ ریلوے ڈویژن قائم کرنے کی تجویز کو منظور کر لیا ہے۔
سماجی رابطہ گاہ ایکس پر متعدد پوسٹس میں سنگھ نے بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی ذاتی طور پر جموں و کشمیر میں ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کی پیش رفت کی نگرانی کر رہے ہیں۔ مودی جموں میں ریلوے کی سہولت اور ریلوے انتظامی ڈھانچے کو مضبوط بنانے میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں۔
سنگھ نے کہا کہ کشمیر وادی کو ملک کے دیگر حصوں سے ریل کے ذریعے جوڑنے کی کوششیں تیزی سے جاری ہیں، اور جموں جلد ہی ایک اہم ریلوے جنکشن بننے والا ہے۔
انہوں نے کہا، “جموں کے لیے خوش آئند خبر… ریلوے کا علیحدہ ڈویژن ہیڈکوارٹر جموں میں قائم کیا جائے گا… جموں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد نے صدر ارون گپتا کی قیادت میں مجھ سے ملاقات کی اور یہ تجویز پیش کی”۔
سنگھ نے مزید کہا کہ یہ معاملہ ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو کے ساتھ اٹھایا گیا تھا اور ریلوے وزارت نے اس تجویز کو منظور کرتے ہوئے عمل درآمد کا آغاز کر دیا ہے۔
وفد نے اپنے خط میں کہا کہ جموں کو مکمل ریلوے ڈویژن کا درجہ دینے سے نہ صرف ٹرینوں کے نظام کو منظم بنانے میں مدد ملے گی بلکہ مقامی افراد کے لیے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
واضح رہے کہ جموں، جو مندروں کا شہر ہے، فی الحال شمالی ریلوے کے فیروزپور ڈویژن کے تحت آتا ہے۔