عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/سینئر ایڈوکیٹ نرمَل کے کوتوال نے ایم ایل اے ڈوڈہ مہراج ملک کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز اور بیانات پر وضاحت جاری کی ہے۔انہوں نے پریس ریلیز میں کہا کہ ان کے نوٹس میں آیا ہے کہ کچھ ویڈیوز میں مبینہ طور پر مہراج ملک نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر بھارت کا حصہ نہیں ہے اور اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے برہان وانی اور دہشت گرد مسعود اظہر کی تعریف بھی کی ہے۔
ایڈوکیٹ کوتوال نے کہا’’سب سے پہلے میں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ یہ ویڈیوز اور بیانات مجھے عام آدمی پارٹی کی لیگل ٹیم نے اس وقت کبھی نہیں بتائے جب مجھے مہراج ملک پر پی ایس اے کے نفاذ کے معاملے پر بریفنگ دی گئی تھی۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ اگر یہ بیانات درست ہیں تو یہ نہایت غیر ذمہ دارانہ، غیر حساس اور قومی سلامتی، خودمختاری اور بھارت کی سالمیت کے لئے نقصان دہ ہیں۔ انھوں نے کہا بطور ایک وکیل اور ایک شہری، میں قوم کے مفاد کو سب سے اوپر رکھتا ہوں۔ایڈوکیٹ کوتوال نے اپنے ضمیر، پیشہ ورانہ اصولوں اور قومی سالمیت سے وابستگی کے پیش نظر مہراج ملک کی پی ایس اے کیس میں نمائندگی کرنے سے خود کو الگ کرنے کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ ’’بھارت کی وحدت اور خودمختاری ناقابلِ سمجھوتہ ہیں اور ان کو نقصان پہنچانے والے کسی بھی بیان یا اقدام کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔
معراج ملک ’’پی ایس اے ‘کیس میں نیا موڑ، سینئر وکیل نرمل کوتوال کا وکالت سے دستبرداری کا اعلان
