عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر کے پونچھ ضلع میں سیکیورٹی فورسز نے ایک اہم کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی کمین گاہ سے پانچ آئی ای ڈیزاور دیگر تخریبی مواد برآمد کرکے ضبط کیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ پونچھ پولیس اور فوج کی رومیو فورس نے مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد پونچھ کے سرنکوٹ میں تلاشی آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی کمین گاہ سے بڑی مقدار میں گولہ بارود اور جنگی سازو سامان برآمد کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، برآمد ہونے والے گولہ بارود اور دیگر مواد سے یہ واضح ہوتا ہے کہ دہشت گرد جموں و کشمیر میں تخریبی سرگرمیاں انجام دینے کے لیے منصوبہ بندی کر رہے تھے، جنہیں سیکیورٹی فورسز نے بروقت ناکام بنا دیا۔پونچھ پولیس نے برآمد ہونے والے مواد کی تصاویر جاری کیں، جن میں پانچ آئی ای ڈیز اور دیگر سامان شامل ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، گولہ بارود کی برآمدگی کے بعد پونچھ اور اس کے اطراف میں سیکیورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں مشتبہ افراد کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھنا شروع کر دی ہے۔