عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/ سی پی آئی (ایم) کے سینئر لیڈر اور رکن اسمبلی محمد یوسف تاریگامی کا کہنا ہے کہ راجیہ سبھا انتخابات میں سیکولر پارٹیوں کا نیشنل کانفرنس کو ووٹ دینے کا فیصلہ صحیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب بڑے چلینجز سامنے ہوں تو اس وقت اختلافات کو پس پشت ڈالنا چاہئے۔
موصوف لیڈر نے ان باتوں کا اظہار جمعہ کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ‘یہ واضح تصویر ہے کہ ایک طرف بی جے پی کے امید وار کھڑے ہیں، بی جے پی کے پاس اقتدار ہے، جس اقتدار کی وجہ سے جموں وکشمیر کی شناخت پر آنچ آگئی’۔
ان کا کہنا تھا: ‘میری نظر میں سیکولر پارٹیوں کا یہ فیصلہ بجا ہے کہ انہوں نے نیشنل کانفرنس کو ووٹ ڈالنے کا فیصلہ لیا کیونکہ اس الیکشن میں یہی ایک متبادل پارٹی ہے’۔
پارٹیوں کے درمیان اختلافات ہونے پر پوچھے جانے پر رکن اسمبلی نے کہا: ‘صف بندی ہے، لیکن بی جے پی کی پالسیاں جو ہیں لازمی طور پر وہ سیکولر پارٹیوں کو منظور نہیں ہیں، ان پالسیوں کے خلاف ووٹ ڈالنے کے لئے نیشنل کانفرنس کے امیدوار ایک متبادل ہیں’۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ نیشنل کانفرنس چاروں سیٹوں پر غالب اکثریت سے کامیابی حاصل کرکے گی۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا: ‘خوشی یا ناخوشی اپنی جگہ لیکن جب چلینجز بڑے ہوں تو گلے شکوے پس پشت ڈالنے چاہئے’۔
سیکولر پارٹیوں کا نیشنل کانفرنس کو ووٹ دینے کا فیصلہ بجا ہے: تاریگامی