عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جنوبی ضلع شوپیاں میں پولیس اور سیکورٹی فورسز نے لگاتار تیسرے دن بھی مختلف علاقوں میں تلاشی اور چھاپہ مار کارروائیاں جاری رکھیں۔ یہ کارروائیاں ضلع میں سرگرم ملی ٹینٹوں کے معاون نیٹ ورک کو ختم کرنے اور امن و امان کو مستحکم بنانے کے مقصد سے کی جا رہی ہیں۔سرکاری ذرائع کے مطابق، پولیس نے فوج اور سی آر پی ایف کی مدد سے شوپیاں قصبے اور اس کے مضافاتی علاقوں میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کیا، جس کے دوران متعدد گھروں، تجارتی عمارتوں اور دیگر مقامات کی باریک بینی سے تلاشی لی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ کچھ مقامات سے موبائل فون، دستاویزات اور ڈیجیٹل آلات برآمد کیے گئے ہیں جنہیں جانچ کے لیے ضبط کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ یہ کارروائیاں ان خفیہ اطلاعات کے بعد انجام دی جا رہی ہیں جن میں دہشت گردوں کے حامیوں، بالخصوص اوور گراؤنڈ ورکروں کی سرگرمیوں کے بارے میں معلومات موصول ہوئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی جو دہشت گرد تنظیموں کو کسی بھی قسم کی مدد فراہم کر رہے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ شوپیاں پولیس نے پچھلے تین دنوں کے دوران کئی مشتبہ افراد کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا ہے تاکہ ملی ٹینسی کے پس پردہ موجود نیٹ ورک کا سراغ لگایا جا سکے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ضلع میں انسدادِ ملی ٹینسی مہم کو مزید تیز کیا گیا ہے اور مستقبل میں بھی ایسی کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ ملی ٹینسی کے باقی ماندہ ڈھانچے کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔
شوپیاں میں لگاتار تیسرے دن تلاشی کارروائیاں، ملی ٹینسی نیٹ ورک کے خاتمے کے لیے آپریشن جاری