عظمیٰ ویب ڈیسک
پونچھ /جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ میں بدھ کی صبح سیکورٹی فورسز نے مشتبہ نقل و حرکت کی اطلاعات ملنے کے بعد بڑے پیمانے پر تلاشی کارروائی (سرچ آپریشن) شروع کر دی۔ذرائع کے مطابق، منگل اور بدھ کی درمیانی شب مقامی لوگوں نے مینڈھر کے سخی میدان اور بالاکوٹ سیکٹر کے درمیان مشتبہ افراد کی نقل و حرکت دیکھی تھی جس کے بعد فورسز کو الرٹ کر کے علاقے میں سرچ آپریشن لانچ کیا گیا۔
دفاعی ذرائع کے مطابق بدھ کی صبح فوج، پولیس اور سی آر پی ایف کے جوانوں نے مشترکہ طور پر جنگلاتی علاقوں اور پہاڑی راستوں کو گھیرے میں لیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ ڈرونز اور نائٹ ویژن آلات کی مدد سے پورے علاقے کی نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی دراندازی یا مشتبہ سرگرمی کو بروقت روکا جا سکے۔قابل ذکر ہے کہ منگل کے روز فورسز نے ساکھی میدان کے علاقے میں ایک مشتبہ ڈرون برآمد کیا تھا جو زمین پر گرا ہوا ملا۔ فوجی اہلکاروں نے فوری طور پر علاقے کو سیل کر کے ڈرون کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق، ڈرون مبینہ طور پر پاکستان کے زیرِ قبضہ کشمیر کی جانب سے بھیجا گیا تھا، تاہم اس کی تکنیکی جانچ اور پرواز کی سمت کے بارے میں تفصیلی رپورٹ تاحال زیرِ غور ہے۔
پونچھ کے سرحدی علاقوں میں مشتبہ نقل و حرکت کے بعد تلاشی کارروائی شروع