عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// جموں و کشمیر میں ملی ٹینٹوں کی دراندازی کی کوششوں کے بارے میں خدشات کے درمیان، سیکورٹی فورسز نے بین الاقوامی سرحد (آئی بی) پر سانبہ سیکٹر میں زیر زمین اور سرحد پار سرنگوں کا پتہ لگانے کے لیے آپریشن شروع کیا ہے۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ اس آپریشن کے ایک حصے کے طور پر متعدد پولیس اور سیکورٹی اہلکار خصوصی سامان سے لیس سرحدی علاقوں کو احتیاط سے سکین کر رہے ہیں، گھنی جھاڑیوں اور جنگلاتی علاقوں پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔
آپریشن میں شامل ایک پولیس افسر نے کہا، “ٹنل مخالف ایک جامع مشق شروع کر دی گئی ہے تاکہ سرحد پار سے کسی بھی سرنگ کی موجودگی کا پتہ لگایا جا سکے”۔
انہوں نے کہا کہ تلاشی کی کاروائیوں میں ڈرون کی تعیناتی بھی شامل ہے اور ممکنہ دراندازی سے لاحق سیکورٹی خطرات کے جواب میں روزانہ کی جا رہی ہے۔
افسر نے مزید کہا کہ “سیکیورٹی فورسز سرنگوں کے وجود کے امکان کو ختم کرنے کے لیے گھنے جھاڑیوں والے علاقوں کو صاف کر رہی ہیں”۔
پولیس نے حال ہی میں کہا ہے کہ پاکستان کے زیر اہتمام ملی ٹینٹ بین الاقوامی سرحد کے ذریعے جموں و کشمیر میں گھس آئے ہیں اور خطے میں عسکری حملوں میں ملوث رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق، رپورٹوں سے یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ 50 سے 60 کے درمیان غیر ملکی ملی ٹینٹ گزشتہ چند مہینوں میں بین الاقوامی سرحد اور لائن آف کنٹرول کے ذریعے جموں میں گھس آئے ہیں۔
پچھلے چھ ہفتوں کے دوران، انہوں نے فوج کے اہلکاروں، سیکورٹی فورسز اور عام شہریوں کو نشانہ بنایا ہے، جن میں یاتری بھی شامل ہیں۔ ملی ٹینٹ خاص طور پر کٹھوعہ، ڈوڈہ، راجوری، پونچھ اور ریاسی اضلاع کو نشانہ بنا رہے ہیں۔