عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/محکمہ تعلیم نے پیر کے روز اعلان کیا کہ وادی کشمیر کے بیشتر علاقوں میں اسکول 13 مئی بروز منگل سے دوبارہ کھول دیے جائیں گے۔ تاہم سرحدی اضلاع کپواڑہ، بارہمولہ اور بانڈی پورہ کے گریز سب ڈویژن میں اسکول تاحکمِ ثانی بند رہیں گے۔
ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن کشمیر کے مطابق وادی کے تمام اضلاع میں تعلیمی سرگرمیاں کل سے بحال ہوں گی، لیکن سرحدی علاقوں میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر اسکولوں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ سرحدی کشیدگی اور پاکستانی شیلنگ کے پیش نظر حکومت نے 12 مئی تک تمام اسکولوں اور کالجوں کو بند رکھنے کا حکم جاری کیا تھا۔محکمہ تعلیم نے کہا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں حالات کا ازسرِنو جائزہ لینے کے بعد تعلیمی اداروں کو کھولنے یا بند رکھنے سے متعلق فیصلہ لیا جائے گا۔
ادھر موجودہ صورتحال کے پیش نظر، ڈویژنل کمشنر جموں نے پیر کے روز اعلان کیا ہے کہ جموں صوبہ میں تمام تعلیمی ادارے، جن میں سرکاری و نجی اسکولز اور کالجز شامل ہیں، 13 مئی بروز پیر بند رہیں گے۔ تاہم، میڈیکل کالجز اس حکم سے مستثنیٰ ہوں گے۔
وادی کشمیر میں کل سے اسکولوں اور کالجوں میں درس و تدریس کا کام کاج شروع ہوگا ، جموں صوبہ میں کل سکول بند رہیں گے : حکام
