جموں// وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ ایتو نے آج سکاسٹ کے بابا جیتو آڈیٹوریم میں ایس جی ایس ڈی انٹرنیشنل سکول کی سالانہ تقریب سے خطاب کیا۔
اپنے خطاب میں وزیر موصوفہ نے حکومت کی جانب سے صحت اور تعلیم کے شعبوں میں خصوصی توجہ اور معاونت کی پالیسی کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں ان اہم شعبوں میں بہتری کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے نوجوان نسل میں منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسکولوں کو اس مسئلے کے سدباب میں کلیدی ادارے قرار دیا۔
اُنہوں نے والدین اور اساتذہ پر زور دیا کہ وہ اس سنگین سماجی مسئلے کے خلاف حکومتی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ ایک صحت مند اور روشن مستقبل کی راہ ہموار کی جا سکے۔
سکینہ اِیتو نے جموں و کشمیر کے طلبہ میں موجود صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے تقریب میں پیش کیے گئے ثقافتی پروگراموں اور طلبہ کی کارکردگی کی تعریف کی۔ انہوں نے تعلیمی اداروں کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اسکول نہ صرف بچوں کی تعلیم و تربیت کے مراکز ہیں بلکہ ان کی شخصیت سازی اور ان کے خوابوں کی تعبیر میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا، “کسی عمارت کی تعمیر اہم نہیں، بلکہ اس کے مؤثر اور فعال انتظام کے لیے ہماری کاوشیں زیادہ اہمیت رکھتی ہیں”۔
انہوں نے ایس جی ایس ڈی انٹرنیشنل سکول جیسے معیاری تعلیمی اداروں کے مشن میں حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر وزیر برائے زرعی پیداوار، دیہی ترقی، پنچایتی راج، کوآپریٹو اور انتخابی امور، جناب جاوید احمد ڈار نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے ایس جی ایس ڈی انٹرنیشنل سکول کی تعلیمی اور ہمہ جہت ترقی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اسے ایک مثالی ادارہ قرار دیا جو طلبہ کو علمی اور جسمانی اعتبار سے مضبوط اور کامیاب بنانے میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے طلبہ کو جدید مہارتوں کے حصول پر توجہ دینے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ مسلسل سیکھنے اور خود کو جدید علمی تقاضوں سے ہم آہنگ رکھنے کی عادت، انہیں کامیاب اور ذمہ دار شہری بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔
انہوں نے حکومت کی جانب سے ایسے معیاری تعلیمی اداروں کے فروغ کے لیے ہر ممکن حمایت کا اعادہ کیا۔
سالانہ تقریب کے دوران طلباء نے رنگا رنگ ثقافتی پروگرام پیش کیے، جن میں مختلف ریاستوں کی روایتی اور علاقائی رقص کی جھلک نمایاں تھی۔ اس موقع پر تعلیمی و کھیلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کو اعزازات سے نوازا گیا۔
تقریب میں سابق وزیر اجے سادھوترا، پرنسپل انیل پتھانیا، ایڈمنسٹریٹر منجیت سنگھ، چیئرمین سنت تیجونت سنگھ، اور ٹرسٹی بلدیو سنگھ سمیت دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔
سکولوں کا منشیات کے خلاف جدوجہد میں کلیدی کردار: سکینہ اِیتو
