کشمیر عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں / ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن جموں نے ایک حکم نامہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ موسمی پیش گوئی اور لگاتار بارشوں کے سبب پہاڑی علاقوں میں زمین کھسکنے اور خطرناک صورتحال کے خدشے کے پیش نظر جموں ڈویژن کے تمام سرکاری اور نجی اسکول 2 ستمبر 2025 کو بھی بند رہیں گے۔
ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن، ڈاکٹر نسیم جاوید چودھری نے کہا کہ طلبہ اور عملے کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس لیے یہ فیصلہ ناگزیر تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جہاں سہولیات دستیاب ہیں وہاں آن لائن کلاسز جاری رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ طلبہ کی پڑھائی متاثر نہ ہو۔
یہ حکم نامہ جموں ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز اور چیف ایجوکیشن افسران کو بھیج دیا گیا ہے تاکہ اس پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ خراب موسمی حالات کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔