عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/عدالت عظمیٰ جمعہ کو جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت کی بحالی سے متعلق عرضیوں پر سماعت کرے گی۔ذرائع کے مطابق یہ معاملہ چیف جسٹس آف انڈیا کی عدالت میں فہرست کے نمبر 17 پر درج ہے۔ ایڈوکیٹ صعیب قریشی نے بتایا کہ ’’یہ کیس چیف جسٹس آف انڈیا کی سربراہی والی بنچ کے سامنے 10 اکتوبر کو سماعت کے لیے مقرر ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے ابھی تک اس معاملے پر کوئی جواب داخل نہیں کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ 14 اگست کو ریاستی حیثیت کی بحالی سے متعلق ایک درخواست کی سماعت کے دوران عدالت عظمیٰ نے کہا تھا کہ زمینی حقائق کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا اور پہلگام حملے جیسے واقعات کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔
چیف جسٹس بی آر گوائی اور جسٹس کے ونود چندرن پر مشتمل بنچ نے کہا تھا، ’’آپ کو زمینی حالات کو بھی مدنظر رکھنا ہوگا، پہلگام میں جو کچھ ہوا اسے نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔‘‘عرض گزاروں کا کہنا ہے کہ ریاستی حیثیت کی بحالی میں تاخیر وفاقیت کے اصول کی خلاف ورزی ہے، جو آئین کے بنیادی ڈھانچے کا حصہ ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے دسمبر 2023 کے حکم جس میں کہا گیا تھا کہ’’ریاستی حیثیت کی بحالی جلد از جلد عمل میں لائی جائے‘‘پر عمل درآمد کے لیے کوئی واضح ٹائم لائن یا قدم نہیں اٹھایا گیا ہے۔
عدالت عظمیٰ میں جموں کشمیر ریاستی حیثیت بحالی کی عرضیوں کی سماعت کل
